حوزه نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مظلومین غزہ و فلسطین کے ساتھ اظہار یکجہتی اور اسرائیلی مظالم کے خلاف مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبۂ بلوچستان کے زیر اہتمام آزادی فلسطین مارچ کا انعقاد کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق، مارچ کا آغاز مسجد ولی العصر سے ہوا، مارچ نے شہداء چوک علمدار روڈ کوئٹہ پر پہنچ کر بڑے اجتماع کی شکل اختیار کرلی، مارچ میں مرد و خواتین اور بچوں سمیت بڑی تعداد میں عوام نے شرکت کی، جنہوں نے اپنے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر اسرائیل مخالف نعرے درج تھے۔
مارچ کے شرکاء سے مرکزی وائس چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ سید احمد اقبال رضوی، مرکزی سیکرٹری توسیع تنظیم علامہ مقصود علی ڈومکی، علامہ سید ہاشم موسوی، صوبائی صدر مجلس وحدت مسلمین بلوچستان آغا ظفر شمسی، آغا جعفر علی جعفری، آغا عباس موسوی، آغا محمد رضا، ارباب لیاقت علی ہزارہ، آغا علی حسین الحسینی، مولانا تصور مہدی اور آغا ولایت حسین سمیت دیگر مقررین نے خطاب کیا۔
وائس چیئرمین ایم ڈبلیو ایم پاکستان علامہ سید احمد اقبال رضوی نے اپنے خطاب میں کہا کہ عالمی اداروں سمیت پوری دنیا نے اسرائیلی مظالم کے سامنے مجرمانہ خاموشی اختیار کر رکھی ہے، اسلامی ممالک بھی فلسطینیوں کے قتل عام کا تماشا دیکھ رہے ہیں، لیکن اسرائیل کے تمام تر مظالم کے باوجود فلسطینی عوام سربلند ہیں، اسرائیل اپنے منطقی انجام کی طرف تیزی سے بڑھ رہا ہے، جنگ بندی نہ کرنا اسرائیل کے لیے زہر قاتل ثابت ہو گا، مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی تمام تر محروم ہو مظلوم قومیتوں کے حقوق کا تحفظ کرے گی، آنے والے الیکشنز میں غیر جانبدار رہنے والے حق و صداقت کی کمزوری کا باعث بنیں گے، واضح طور پر عوام کے حقوق کا بہادری کے ساتھ تحفظ کرنے والے افراد کو اسمبلیوں میں پہنچائیں، تاکہ نا صرف پاکستان میں بلکہ پوری دنیا کے مظلوم اور پسے ہوئے طبقات کا دفاع کیا جا سکے۔
علامہ سید ہاشم موسوی نے کہا کہ تحریک مقاومت کی پوری اسلامی دنیا میں بڑھتی ہوئی حمایت اسرائیل کے لئے وبال جان بن رہی ہے، اسرائیل کا گھمنڈ خاک میں مل چکا ہے، امریکہ اور اس کے حواریوں نے اب دبے پاؤں اسرائیلی حمایت سے پیچھے ہٹنا شروع کر دیا ہے، اسرائیل کچھ ہی عرصے میں جنگ بندی کی قرارداد منظور کرنے کے ترلے کرے گا۔
قومی اسمبلی کے نامزد امیدوار ارباب لیاقت علی ہزارہ نے کہا کہ ہم آج یہاں اپنے مظلوم فلسطینی بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے جمع ہوئے ہیں، جہاں ہم فلسطینی عوام کے لئے صدائے احتجاج بلند کر رہے ہیں وہاں اپنی بلوچستان کی خواتین کے لئے بھی سراپا احتجاج ہیں، جن کے ساتھ وفاقی دارالحکومت میں ہتک آمیز سلوک روا رکھا گیا ہے۔
آغا ظفر شمسی نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان نے ملک بھر میں فلسطینی کاز کے ساتھ کھڑے ہو کر مظلوموں کی داد رسی کی ہے، یہ درس ہمیں سید الشہداء حضرت امام حسین علیہ السلام اور اس کے باوفا ساتھیوں نے کربلا میں دیا ہے، ہم آئندہ بھی مظلومین جہاں کے حق میں اور جابر طاقتوں کے خلاف پوری قوت کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔